Skip to content
خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے اعلان کیا ہے کہ صوبائی حکومت نے دینی مدارس کے لیے گرانٹ کو 3 کروڑ روپے سے بڑھا کر 10 کروڑ روپے کر دیا ہے۔ اس کی منظوری وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی گئی۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ دینی مدارس کے طلباء قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، اور حکومت ان کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دینی اور عصری تعلیم کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے، اور حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے کہ طلباء کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید علوم اور مہارتیں بھی حاصل ہوں۔
بیرسٹر سیف نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور وزیر اعلیٰ گنڈاپور کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دینی و جدید تعلیم کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اسکولوں اور مدارس دونوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے اور صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔