میٹرک کا طالبعلم کار میں بیٹھ کر بورڈ کا امتحان دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا


لاہور میں ایک چونکا دینے والا تعلیمی اسکینڈل سامنے آیا ہے، جہاں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے پی ایس او کے بیٹے کو کار میں بیٹھ کر نویں جماعت کا بورڈ امتحان دیتے ہوئے دیکھا گیا۔
یہ واقعہ اُس وقت منظرِ عام پر آیا جب صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے جمعرات کے روز گورنمنٹ ہائی اسکول علی رضا آباد پر اچانک چھاپہ مارا۔
چھاپے کے دوران متعلقہ طالبعلم کو کار میں بیٹھ کر نویں جماعت کا فزکس کا پرچہ حل کرتے ہوئے پایا گیا۔
اس موقع پر موجود کنٹرولر امتحانات زاہد میاں نے انکشاف کیا کہ یہ طالبعلم ہر امتحان اسی طریقے سے کار میں بیٹھ کر دیتا رہا ہے۔
واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد پانچ اسکول عملے کے ارکان کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا، جن میں ہیڈ ماسٹر محمد شاہد بیگ، سپرنٹنڈنٹ عبدالحفیظ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، اور دو نگران شامل ہیں۔
اس حوالے سے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے اور متعلقہ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، طالبعلم کے خلاف “غیر منصفانہ ذرائع استعمال کرنے” (UMC) کا کیس بھی داخل کر دیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *