مصنوعی ذہانت اب جی سی ایس ای اور اے لیولز میں باقاعدہ مضمون قرار


برطانوی امتحانی بورڈ “لرننگ ریسورس نیٹ ورک” (LRN) نے تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا میں پہلی بار مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کو بین الاقوامی جی سی ایس ای (GCSE) اور اے لیولز (A-Levels) میں باقاعدہ مضمون کے طور پر متعارف کروا دیا ہے۔
یہ انقلابی قدم 14 سے 19 سال کی عمر کے طلبہ کو دنیا بھر میں LRN سے منظور شدہ اداروں کے ذریعے اسکول نصاب میں مصنوعی ذہانت کا مطالعہ کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ یہ نئی تعلیمی قابلیتیں طلبہ کو تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کی دنیا کے لیے تیار کرنے کے لیے متعارف کی گئی ہیں۔
ڈاکٹر محمد ذوہیب طارق، چیف ایگزیکٹو آف LRN، کے مطابق یہ کورسز مصنوعی ذہانت کے بنیادی تصورات، حقیقی دنیا میں اس کے اطلاقات، اور اس سے جڑے اخلاقی چیلنجز پر مشتمل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مضمون تعلیمی اعتبار سے ریاضی اور فزکس جیسے روایتی مضامین کے برابر اہمیت رکھتا ہے۔
ڈاکٹر طارق نے کہا:
“یہ برطانیہ کی جانب سے مصنوعی ذہانت کی تعلیم میں قیادت کا عملی مظاہرہ ہے۔ ہم دنیا کی پہلی مکمل اسکول سطح کی AI قابلیت متعارف کروا کر عالمی معیار قائم کر رہے ہیں — اور دنیا بھر کے طلبہ کو AI سے جڑی دنیا کے لیے مضبوط تعلیمی بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔”
چونکہ مصنوعی ذہانت دنیا بھر کی صنعتوں کو تبدیل کر رہی ہے، اس مضمون کو اسکول سطح پر شامل کرنا مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *