عہدِ خدمت کا اختتام، ایک درخشاں سفر کی تکمیل


ڈاکٹر کشور ناہید رانا مدتِ ملازمت مکمل ہونے پر باوقار انداز میں ریٹائر ہوگئیں
فیصل آباد (خصوصی رپورٹ) — محکمہ تعلیم کی ممتاز اور فعال شخصیت، ڈاکٹر کشور ناہید رانا، ڈائریکٹر سیکنڈری سکولز فیصل آباد ڈویژن، اپنی مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد 10 اپریل 2025 کو باوقار انداز میں ریٹائر ہوگئیں۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم، ساتھی افسران، اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے انھیں دلی مبارکباد پیش کی گئی اور ان کی طویل و شاندار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ڈاکٹر کشور ناہید رانا نے اپنی سروس کا آغاز 1991 میں پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں کامیابی حاصل کر کے گریڈ 17 میں بطورِ ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر (خواتین)، تحصیل جڑانوالہ سے کیا۔ بعد ازاں وہ ترقی پا کر گریڈ 18 اور پھر گریڈ 19 میں پہنچیں، اور حکومتِ پنجاب نے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO) فیصل آباد مقرر کیا۔
ان کی مسلسل محنت، پیشہ ورانہ لگن اور تعلیمی بہتری کے جذبے کو مدِنظر رکھتے ہوئے انہیں بعد ازاں DEO سیکنڈری فیصل آباد تعینات کیا گیا جہاں انہوں نے تین سال قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔ اس کے بعد ڈاکٹر صاحبہ کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں بطورِ رجسٹرار ذمہ داریاں سونپی گئیں، اور بعد ازاں اسی ادارے میں کنٹرولر امتحانات کی حیثیت سے بھی اہم خدمات سرانجام دیں۔
فیصل آباد میں خواتین کے لیے قائم ہونے والی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی برائے خواتین میں، ڈاکٹر کشور ناہید رانا کو حکومتِ پنجاب نے بطورِ رجسٹرار تعینات کیا، جہاں انہوں نے تین سال نہایت عمدگی سے فرائض سرانجام دیے۔ بعد ازاں انہیں قائد اکیڈمی فیصل آباد میں پرنسپل کی حیثیت سے تعینات کیا گیا۔
ان کے تعلیمی تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں کے پیشِ نظر، حکومت پنجاب نے انہیں چیئرپرسن، تعلیمی بورڈ ڈی جی خان مقرر کیا، جہاں انہوں نے تین سال بھرپور محنت اور دیانتداری سے خدمات انجام دیں۔ اس کے بعد انہیں فیصل آباد ڈویژن میں بطورِ ڈائریکٹر سیکنڈری سکولز تعینات کیا گیا، جہاں وہ اپنی ریٹائرمنٹ تک خدمات انجام دیتی رہیں۔
ڈاکٹر کشور ناہید رانا کی تعلیمی میدان میں بیش بہا خدمات، وژنری قیادت، اور خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے ان کی کوششیں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ ان کی ریٹائرمنٹ پر تمام متعلقہ حلقوں نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کی آئندہ زندگی کے لیے کامیابی و خوشیوں کی دعا کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *